لاہور: ریاض حسین بلوچ پر قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی چیئرمین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مارکسسٹ رہنما کامریڈ ریاض حسین بلوچ پر کراچی میں ہونے والا قاتلانہ حملہ ایک بزدلانہ عمل ہے جس کی مذمت میں PTUDC نے ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مجرموں کو فوری طور پر منظرِ عام پر لا کر کڑی سزا دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار PTUDC کے انٹرنیشنل سیکرٹری ڈاکٹر لال خان، پیپلز لیبر بیورو کے مرکزی سیکرٹری جنرل الیاس خان ایڈووکیٹ، PTUDC کے مرکزی رہنما آدم پال اور لاہور کے صدر اعجاز شاہ، YDAپنجاب کے رہنما ڈاکٹر فرحان گوہر، PTCL کے مزدور رہنما صابربٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کیا۔

مقررین نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے نجکاری اور مزدور دشمن ریاستی پالیسیوں کے خلافPTUDC کی جدوجہد رکنے والی نہیں ہے، دشمنوں کے حملے ہمیں اور زیادہ مضبوط کریں گے اور محنت کشوں کے حقوق کے لئے ہماری لڑائی اور زیادہ تیزی سے آگے بڑھے گی۔ احتجاجی مظاہرے میں PTUDC کے کارکنان کے علاوہ BNT، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب، PTCL، ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے شرکت کی۔

Translation