ریاض حسین بلوچ پر قاتلانہ حملے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے Urdu Share Tweetپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے (PTUDC) مرکزی چیئرمین کامریڈ ریاض حسین پر ہفتے کے روز ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔رحیم یارخاںرپورٹ: مسعود افضل کاشیپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی چیئرمین ریاض حسین بلوچ پر قاتلانہ حملے کے خلاف رحیم یارخاں میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں علاقے کے ٹریڈ یونین رہنماؤں اور مختلف اداروں کے محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ PTUDC کے ضلعی چیئرمین سید زمان نے ریاض حسین بلوچ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس حملے کو پاکستان بھر کے مزدوروں پر حملہ قراردیا۔ یونی لیور سے تعلق رکھنے والے مزدور راہنما احمدکھوکھر نے کہا کہ اس حملے کا جواب طبقاتی جدوجہد کو تیز کرکے ہی دیا جاسکتا ہے۔ پرائمری ایلیمنٹری ٹیچرزایسوسی ایشن کے مرکزی صدرمظہر حسین چھٹہ نے کہا کہ PTUDC پاکستان بھر کے مزدوروں کو یکجا کرنے والی واحد قوت ہے او ر اس کا حکمرانوں کی آنکھوں میں کھٹکنا کوئی عجب بات نہیں ہے۔ ’ایوا‘ کے قائدین عمران ارشد اور علی ملک نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تنظیم ہر مشکل گھڑی میں PTUDC کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ایپکا کے ضلعی جنرل سیکریٹری محبوب خان نے کہا کہ جب تک مزدور اپنی طاقت کو یکجا اور وسیع نہیں کریں گے ایسے حملے ہوتے رہیں گے، مزدوروں پر حملوں کو روکنے کے لئے ہمیں اپنے طبقے کو طاقتورکرنا ہوگا۔ کامریڈ انعم پتافی نے کہا کہ یہ پہلا حملہ ہے نہ ہی آخری، یہ ایک طبقے کی دوسرے طبقے کے خلاف جنگ ہے، ہمار دشمن طاقور ہے جس سے مقابلے کے لئے ہمیں بھی منظم اور مضبوط ہونا ہو گا۔ PTUDC کے مرکزی وائس چیئرمین قمرالزماں خاں نے کہا کہ 1995ء میں ہمارے ساتھی اور پنجاب لیبر فیڈریشن کے چیئرمین عارف حسین شاہ کو سرمایہ داروں اور ریاست نے نج کاری کے خلاف کامیاب تحریک چلانے کی پاداش میں شہید کردیا تھا۔ عارف شاہ کا پرچم ریاض حسین بلوچ اور PTUDC کے دوسرے ساتھیوں نے آج بھی تھام رکھا ہے۔ ہم گلی گلی، شہر شہر اس تحریک کو منظم کررہے ہیں۔ ریاض حسین پر پر فاشسٹ ایم کیو ایم نے الیکشن مہم کے دوران بھی حملہ کیا تھا۔ حالیہ حملہ ماضی کا ہی تسلسل ہے۔ ہم اس انسان دشمن نظام کو ختم کرکے اپنے جسم پر لگنے والے ہر زخم کا بدلہ لیں گے۔ مظاہرے سے حیدر چغتائی، ندیم ملک، محمودالحسن، رئیس کجل، آصف بلو، شہزاد مغل، علی گل اور خالد پرویزنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر زبردست نعرہ بازی کی گئی اور ریاض حسین بلوچ پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔کراچیرپورٹ: ماجدپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC) کے مرکزی چیئرمین ریاض حسین بلوچ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے PTUDC کراچی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں PTUDC کے انٹرنیشنل سیکریٹری کامریڈ لال خان، مرکزی انفارمیشن سیکرٹری پارس جان کے علاوہ ٹریڈ یونین رہنماؤں اور مختلف اداروں کے محنت کشوں نے شرکت کی۔ مظاہرین کے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ پارس جان نے کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات ہمارا حوصلہ پست نہیں کر سکتے، ہمیں مستقبل میں حکمران طبقے کی جانب سے ایسے مزید حملوں کے لئے ذہنی اور تنظیمی طور پر تیار رہنا ہوگا، انقلاب کی راہ میں بہنے والے خون کے ہر قطرے کا انتقام اس متروک سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ کر لیا جائے گا۔ مظاہرین نے کامریڈ ریاض حسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کی فوری گرفتاری اور سزا کا مطالبہ کیا۔اسلام آبادرپورٹ: اویس قرنیمورخہ 14 ستمبر بروز اتوار پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC) راولپنڈی اسلام آباد نے کامریڈ ریاض پر ہونے والے قاتلانہ حملے کیخلاف اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوے مقررین نے کہا کہ PTUDC کے مرکزی چیئرمین ریاض حسین لنڈ نے ہمیشہ محنت کشوں اور مظلوم طبقات پر ہونے واے معاشی حملوں کے خلاف نہ صرف آواز بلند کی بلکہ ہمیشہ محنت کش طبقے کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آئے۔ ان پر کیا جانے والا حملہ انتہائی بزدلانہ اقدام ہے، ان کاروائیوں سے محنت کشوں کے حوصلے کبھی پست نہیں کئے جا سکتے۔ ہم حکومت وقت اوربالخصوص سندھ حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گرد حملہ آوروں کو گرفتار کر کے قرار وقعی سزا دی جائے۔ مظاہرے میں ریلوے لیبر یونین، ایپکا راولپنڈی، بیروزگار نوجوان تحریک(BNT)، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن (JKNSF)، واپڈا ہائیڈرو یونین، ریلوے محنت کش یونین اور مختلف طلبہ و مزدور تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔حیدرآبادرپورٹ: راہولپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC) اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے PTUDC کے مرکزی چیئرمین کامریڈ ریاض حسین بلوچ پر ہفتے کے روز ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شہر کی مختلف ٹریڈ یونین تنظیموں اور اداروں سے محنت کشوں، نوجوانوں اورطلبہ نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC حیدرآباد کے رہنما کامریڈ حنیف مصرانی، نثار چانڈیو، راہول، ایپکا کے رہنما میرل بھرگڑی، مہران ورکرز یونین ایچ ڈی ای کے راجا پالاری، ورکرز فیڈریشن حیدرآباد کے رہنما محبوب علی قریشی، ایاز عباسی، او جی ڈی سی ایل انصاف مزدور یونین کے رہنما حسن بخش کھوسو، ریلوے ورکرز یونین کے غلام عباس، SSGC ڈیلی ویجز یونین کے سجاد شاہانی و دیگر نے کہا کہ ہم کامریڈ ریاض پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں، یہ حملہ دراصل محنت کشوں کی جدوجہد پر وار کے مترادف ہے، آج ہم پورے پاکستان میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروا کر اس بردلانہ کاروائی کرنے والوں یہ کو واضح طور پر پیغام دیتے ہیں کہ یہ حملے ہمیں کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کریں گے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کامریڈ ریاض پر حملہ کرنے والوں کو اگر جلد گرفتار نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کے دائرے کو مزید وسیع کریں گے۔دادوپاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC) کے مرکزی چیئرمین کامریڈ ریاض حسین بلوچ پر کراچی میں قاتلانہ حملے کے خلاف دادو میں میونسپل پارک سے پریس کلب تک PTUDC اور BNT دادو کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ موریل پنھور، کامریڈ ضمیر کوریجو، کامریڈ اعجاز بگھیو، خالد جمالی اور انور پنھور نے کہا کہ کامریڈ ریاض بلوچ پر حملہ ایک بزدلانہ کارروائی اور ملک کے محنت کشوں کی آواز کو دبانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ریاست پر دہشت گردوں کا راج ہے اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامریڈ ریاض پر حملہ کرنے والوں کو فی الفور گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔